شہزادی بانڈہ ضلع کوہاٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ پرکام جاری ہے

شہزادی بانڈہ ضلع کوہاٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ پرکام جاری ہے

کوہاٹ (بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ شہزادی بانڈہ ضلع کوہاٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اوراس ضمن میں 5200کنال رقبہ کواس مقصد کے لئے مختص کرکے اس پر سیکشن فور ( 4)لگا دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو کامیاب بنانے اور صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے منی ائیرپورٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے ۔انہوں نے یہ بات آج یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کوہاٹ قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے اور صنعتوں کے قیام سے ضلع کوہاٹ نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ اسکے مثبت اثرات پورے صوبے پر پڑیں گے جس سے دیگر اضلاع بھی مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا نوجوان نسل کو تکنیکی مہارت کی فراہمی موجودہ حکومت کا اولین مقصد ہے یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی بھی اپنے منشورکے مطابق بے روزگار افرادکو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے اور ان امور کی انجام دہی کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے ذریعے ممکن ہو گی۔امتیاز قریشی نے کہا کہ ضلع کوہاٹ آئل اور گیس کے ذخائر سے لبریز ضلع ہے اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نہ صر ف ہزاروں افرادکو تربیت کے مواقع میسر آئینگے بلکہ انہیں نوکریوں کا حصول ممکن بنا کر علاقہ میں انقلابی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ترقی کے نئے دور کی بنیاد رکھ دی جائے گی۔وزیر قانون نے کہا کہ تبدیلی کے نئے دور میں ضلع کوہاٹ کا شمار ترقیافتہ اضلاع میں ہو گااور ماضی کے برعکس یہ ایک جدید صنعتی بستی کے طور پر ابھرے گا جس کا فائدہ اور ثمرات ضلع کوہاٹ کے عوام باالعموم جبکہ پی کے 39کے عوام باالخصوص حاصل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو جلد از جلد عملی شکل دینے کی خاطر سیکشن فائیو(5)بھی جلد ہی لاگوکر دیا جائیگا تاکہ کام شروع کیا جا سکے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر