سرکاری ہسپتالوں کوعصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجائیگا، خواجہ سلمان رفیق

سرکاری ہسپتالوں کوعصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجائیگا، خواجہ سلمان رفیق

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو علاج معالجہ اور صحت کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں(بقیہ نمبر32صفحہ12پر )

مربوط نظام کے ذریعہ محکمہ صحت، ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹرز اور بنیادی ودیہی مراکز صحت میں جدید طبی سہولیات کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس بہاول پور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔اس موقع پر کمشنر ثاقب ظفر، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر شاہد فراز،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈاکٹر عزیز احمد ، ای ڈی او ہیلتھ بہاول پور ڈاکٹر شاہد خلیق، ای ڈی او ہیلتھ بہاول نگر ڈاکٹر بشارت محمود، ای ڈی او ہیلتھ رحیم یارخاں ڈاکٹر عبد الرزاق اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں قواعد وضوابط کے مطابق صفائی ستھرائی ، مفت ادویات کی دستیابی سمیت لیبارٹری ٹیسٹ ودیگر سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور تمام تر احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لایا جائے۔سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے بریفنگ کے دوران محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں 24گھنٹے صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اورمیڈیسنز کو سازگار ماحول میں محفوظ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں دستیاب ادویات کا ریکارڈ رکھا جائے اور ادویہ کے ختم ہونے قبل ہی مزید سٹاک منگوایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے قواعد پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور طبی مشینوں کو درست اور فعال رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے شعبہ میں سٹریچرز ،وہیل چیئرز، زندگی بچانے والی ادویات ودیگر ضروری سامان کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے کانگو وائرس سے وفات پانے والے مرحوم سرجن ڈاکٹر صغیر سمیجہ کے ایصال ثواب اور بلنددرجات کے لئے دعا بھی کی گئی۔

سلمان رفیق

مزید : ملتان صفحہ آخر