شاہ سلمان کا سعودی عرب میں پھنسے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے 10 کروڑ ریال کا اعلان

شاہ سلمان کا سعودی عرب میں پھنسے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے 10 کروڑ ریال ...
شاہ سلمان کا سعودی عرب میں پھنسے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے 10 کروڑ ریال کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے متعلقہ وزارتوں کو ملک میں پھنسے غیر ملکی مزدوروں کے مسائل فوری حل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ فوری حل کرنے کے لئے 10کروڑ ریال سعودی ریال کے فنڈز کا اعلان بھی کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق شاہ سلمان نے ملک میں گزشتہ 8 ماہ سے بے یار و مدد گار غیر ملکی محنت کشوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے وزیر محنت وسماجی ترقی کو ہدایت کی کہ محنت کشوں کو ان کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے سعودی وزارت مالیات کو 10کروڑ ریال جاری کئے جائیں۔ شاہ سلمان نے پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو حکم دیا ہے کہ جو اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کرجانا چاہتا ہے اور اس کے پاس پاسپورٹ سمیت سفری دستاویز نہیں ہیں تو اسے پاسپورٹ فوری جاری کردیا جائے۔

شاہ سلمان نے وزارت محنت وافرادی قوت کو بھی ہدایت کی کہ جن کمپنیوں نے غیر ملکی مزدوروں کی تنخواہیں نہیں ادا کیں ان کمپنیوں کو وزارت کی طرف سے اس وقت تک فنڈز جاری نہ کئے جائیں جب تک وہ مزدوروں کی اجرت ادا نہیں کر دیتیں۔ خادمین حرمین الشریفین نے وزارت محنت وافرادی قوت کو حکم دیا کہ کمپنیوں کو اپنے ملازمین کو خوراک اور رہائش فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے اور یہ تمام سہولتیں تنخواہوں کی کٹوتی کے بغیر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں پھنسے اوجر کمپنی کے غیر ملکی ملازمین کو خوراک اور رہائش کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں اور وزیر محنت کو مزید ہدایت کی کہ سعودی عرب سے واپس جانے کے خواہاں ملازمین کو سعودی ائر لائن سے بھجوایا جائے اور ائیر ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات ان ملازمین کی اوجر کمپنی سے یا متعلقہ اوجر سے مو صول کئے جا ئیں۔

مزید :

عرب دنیا -