سانحہ کوئٹہ :شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ،انٹیلی جنس اپنا کام کررہی ہے:عمران خان

سانحہ کوئٹہ :شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ،انٹیلی جنس اپنا کام کررہی ...
سانحہ کوئٹہ :شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ،انٹیلی جنس اپنا کام کررہی ہے:عمران خان

  

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصا ف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے سے متعلق مکمل معلوما ت ملنے تک کسی پر الزام نہیں لگا سکتا،ہماری انٹیلی جنس اپنا کام کررہی ہے اسے مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کوئٹہ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کرنے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں شہید افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،دہشت گردوں کے خلاف ہمارا عز م مضبوط ہوا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہناتھا کہ دہشت گردی کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں،دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آخر تک جانا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس اپنا کام کررہی ہے اسے مزید مضبوط بنانا ہوگا۔قربانیاں دینے پر فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پولیس کو مضبوط کرنا ہوگا،عمران خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ قوم دہشت گردوں کو شکست دے گی۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی مسائل اپنی جگہ دہشت گردی کے خلا ف سب متحد ہیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سربراہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھے تو یہ جمہوریت نہیں کہلائے گی۔ایک ہی ٹی او آرز پر میرا اور نوازشریف کا احتساب کیا جائے۔ہم سب کو قانون کے دائرے میں لانا چاہئے۔

مزید : کوئٹہ /اہم خبریں