دہشت گرد اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں سکتے: شہباز حسین چوہدری
جدہ (محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گردی کا ناسور ملک کو دیمک کی طرح کھارہا ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا جب تک قلع قمعہ نہیں ہوتا یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ جب کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو چار دن شور رہتا ہے مگر پھر سب ادارے سوجاتے ہیں جس کا دہشت گرد بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور کہیں کارروائی کردیتے ہیں۔
ہمارے اداروں کو پہلے سے زیادہ چوکنا رہنا ہوگا تاکہ دشمن کی کارروائیوں پر نظر رکھی جاسکے، وہ ٹیلی فون پر روزنامہ ”پاکستان“سے بات چیت کررہے تھے۔ شہباز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے دشمن یوم آزادی کی خوشیوں کو ملیا میٹ کرنا چاہتے تھے لیکن وہ شاہد پاکستانی قوم کو نہیں جانتے وہ دشمن کی ایسی چالوں کو ناکام بنانا جانتے ہیں اور ملک کا یوم آزادی اسی زور شور اور قومی ولولے سے منائیں گے, جہاں وہ شہیدوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے، ان کے لئے دعا بھی کریں گے اور وطن پر قربان ہونے کا عزم بھی کریںگے کیونکہ پاکستان ہماری آن، جان اور شان ہے۔ جس کی حفاظت کے لئے ہر پاکستانی سیسہ پلائی دیوار بن جائے گا۔ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں سکتے۔