سانحہ کوئٹہ ،22مذہبی و سیاسی جماعتوں نے 12اگست کو ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کر دیا

سانحہ کوئٹہ ،22مذہبی و سیاسی جماعتوں نے 12اگست کو ملک بھر میں یوم احتجاج کا ...
سانحہ کوئٹہ ،22مذہبی و سیاسی جماعتوں نے 12اگست کو ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کر دیا

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور 22سے زائد سیاسی ومذہبی جماعتوں نے سانحہ کوئٹہ کیخلاف جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گل بھوشن یادو سمیت ’’راء‘‘کے گرفتار تمام دہشتگردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلاکر جلد از جلد سزادی جائے اور تعاون اور عدم تعاون کے اصول پر خارجہ پالیسی بنائی جائے۔

فیصل آباد میں ہونے والی ’’ استحکام پاکستان کانفرنس‘‘ کے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کوئٹہ بم دھماکہ میں ہندوستانی ایجنسی ’’راء‘‘اور اس کے حلیف ملوث ہیں جس کا مقصد مسئلہ کشمیر اور سی پیک سے توجہ ہٹانا ہے لیکن پاکستان دشمن قوتوں کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے تمام مکاتب فکر متحد ہیں،پاکستان کا پرچم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے علماء حق کے سپرد کیا تھا انشاء اللہ ملک کی مذہبی قوتیں باہمی اتحاد سے وطن کی نظریاتی سرحدوں کی اور پاک فوج کے ساتھ مل کر جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ داعش جیسے گروہوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، داعش کو صرف مسلم ممالک کی سلامتی اور استحکام کو تباہ کرنے اور امن و امان کو خراب کرنے کیلئے اسلام اور امن دشمن قوتوں نے بنایا ہے،داعش جیسے گروہوں نے مدینہ منورہ میں حملہ کیا ،مدینہ منورہ پر حملہ کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کیسے تعلق ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ فکری اور نظریاتی جدوجہد کی ضرورت ہے، ذرائع ابلاغ داعش جیسے فتنوں کے افکار سے آگاہی کیلئے بھر پور کرداراداکریں ۔کانفرنس میں فیصلہ کیا گیاکہ ملکی اور عالمی صورتحال پر 18اگست کو اسلام آباد میں ’’ندائے امت کانفرنس ‘‘ منعقد کی جائے گی جس میں ملک کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے،کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ تمام مکاتب فکر کا ایک وفد کوئٹہ میں لواحقین سے اظہار یکجہتی اور تعزیت کیلئے جائے گا۔

مزید : فیصل آباد