سانحہ کوئٹہ کے خلاف قصاص تحریک منظم کریں گے ، کشمیر اور بلوچستان انڈیا کی جارحیت کا شکار،جواب دینا ضروری ہو گیا :حافظ محمد سعید

سانحہ کوئٹہ کے خلاف قصاص تحریک منظم کریں گے ، کشمیر اور بلوچستان انڈیا کی ...
سانحہ کوئٹہ کے خلاف قصاص تحریک منظم کریں گے ، کشمیر اور بلوچستان انڈیا کی جارحیت کا شکار،جواب دینا ضروری ہو گیا :حافظ محمد سعید

  

لاہور ( نیوز ڈیسک)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ  کوئٹہ ہسپتال میں دھماکہ انڈیا کی ریاستی دہشت گردی اور پورے پاکستان پر حملہ ہے،اس کا ذمہ دار بھارت کی قومی سلامتی کا مشیر اجیت دوول اور اس کی خفیہ ایجنسی را ہے، وکلاء اور صحافیوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم قصاص کی تحریک منظم کریں گے، حملے کا جواب حملہ کی صورت میں دینا ضروری ہے، اس کے بغیر بات نہیں بنے گی،وزیر اعظم ، آرمی چیف اور کابینہ کے ممبران اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، یہ باقاعدہ جنگ ہے، ہم تمام سیاسی ،مذہبی قائدین، وکلاء اور صحافی حضرات سے گزارش کرتے ہیں کہ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیاجائے، یہ جنگی او رغیر معمولی حالات ہیں کوئٹہ میں بہنے والاخون صرف وکلاء اورصحافیوں کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا ہے۔ 

مسجد شہداء مال روڈ پر سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ  کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ کشمیر اور بلوچستان دونوں انڈیا کی جارحیت کا شکار ہیں ،ہم انہیں الگ الگ نہیں دیکھ رہے،انڈیا وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکا کر کشمیر میں جاری تحریک سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے کیونکہ یہاں اس وقت انڈیا پوری دنیا میں ذلیل ہو رہا ہے لیکن انڈیا یاد رکھے تم ایسی حرکتیں کر کے زیادہ آگ بھڑکا رہے ہو،تمہارے خلاف کیس زیادہ پختہ ہو رہاہے اور تمہاری تباہی کے دن زیادہ قریب آرہے ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ کوئٹہ میں دہشت گردی بہت بڑا سانحہ ہے،بلوچستان میں ایک دن قبل پاکستانی پرچم فروخت کرنے والے ہمارے ایک کارکن کو شہید کیا گیا اور اس سے اگلے دن ہی بلوچستان ہائی کورٹ کے صدر اور پھر ہسپتال دھماکہ کر کے ایک سوسے زائدوکلاء ، صحافیوں اور دیگر افراد کو شہید کر دیا گیا، اجیت دوول نے کہاتھا کہ ہم بلوچستان کو پاکستان سے الگ کریں گے اور مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کریں گے، کلبھوشن یادیو اور اس کے مزید ایجنٹ بلوچستان سے گرفتار ہوئے جنہوں نے واضح طو رپر اعتراف کیا کہ وہ یہاں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھانے آئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تخریب کاروں کے پیچھے انڈیا ہے، ہمارا اصل مجرم اجیت دوول ہے، یہ انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کا واقعہ ہے،اس پر پاکستانی کبھی خاموش نہیں رہیں گے، ہم اپنے وکلاء اور صحافی بھائیوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم قصاص کی تحریک منظم کریں گے۔ جو لوگ پاکستان میں بیٹھ کر انڈیا کی زبان بول رہے ہیں، انہیں دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت ہے،راکے ایجنٹ جو کراچی اور بلوچستان سے پکڑ ے گئے انہیں کراچی اور کوئٹہ میں پھانسیاں دی جائیں ، جو پشاور میں بچوں کے قاتل ہیں انہیں پشاور میں پھانسیاں دی جائیں ، محض مذمتی بیانات کافی نہیں اور نہ ہی اس سے ذمہ داری ادا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ مودی کو سمجھانے کیلئے وہ تصویر ہی کافی ہے جس میں دس سال کا بچہ بھارتی فوجیوں پر غلیل سے نشانہ لے رہا ہے، اس وقت پورا پاکستان انڈیا کے خلاف کھڑا ہے۔اس موقع پر  مذہبی و سیاسی جماعتوں کے  قائدین، جید علماء کرام، وکلاء، طلباء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مزید : قومی