امریکی رکن کانگریس کی طارق فاطمی سے ملاقات ، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں:کرس سٹیورٹ

امریکی رکن کانگریس کی طارق فاطمی سے ملاقات ، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی ...
امریکی رکن کانگریس کی طارق فاطمی سے ملاقات ، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں:کرس سٹیورٹ

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی رکن کانگریس کرس سٹیورٹ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات ، امریکہ کی ریپبلکن پارٹی کے رکن کانگریس کو پہلے دورہ پاکستان پر خیرمقدم کرتے ہوئے طارق فاطمی نے امریکی کانگریس کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت کی حمایت اور اس حوالے سے اس کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک فعال جمہوریت کے طور پر امریکہ سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعاون اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، کرس سٹیورٹ اور قبل ازیں سینیٹر جان میکین کی سربراہی میں ارکان کانگریس کے دوروں سے تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان کو ان خبروں پر خصوصی طور پر مایوسی ہوئی کہ پینٹا گان نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف لئے گئے ٹھوس اور بھرپور اقدامات کی توثیق نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدقسمتی سے یہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے بلاتفریق خاتمے کیلئے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے اجراء کو پاکستان کی جانب سے مخصوص اقدامات سے منسلک کرنا سی ایس ایف کے مقصد سے مطابقت نہیں رکھتا جو دراصل نائن الیون کے بعد خطے میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں ساتھ دینے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے اخراجات کی ادائیگی ہے۔ اس موقع پر امریکی رکن کانگریس کرس سٹیورٹ نے کہا کہ امریکی کانگریس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے انہیں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعاون اور افغانستان میں بحالی امن اور استحکام کیلئے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

مزید : اسلام آباد