دالوں کے درآمدی بل میں اضافے کی شرح 13 فیصد رہی، ادارہ شماریات

دالوں کے درآمدی بل میں اضافے کی شرح 13 فیصد رہی، ادارہ شماریات

اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ مالی سال کے دوران دالوں کے درآمدی بل میں اضافے کی شرح 13 فیصد رہی۔ پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات کے درآمدی بل کا حجم 1.905 ارب ڈالر رہا۔ اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران درآمدی بل میں مجموعی طور پر 215.702 ملین ڈالر کااضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال 2015-16ء کے دوران درآمدی بل کا حجم 1.689 ارب ڈالر رہا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق اگرچہ مالی سال 2015-16ء کے مقابلہ مالی سال 2016-17ء کے دوران درآمدی بل میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم اس عرصہ میں دالوں کے درآمدی حجم میں کمی دیکھنے میں آئی۔

مالی سال 2015-16ء میں درآمدی حجم 27لاکھ 19ہزار 179 میٹرک ٹن تھا

جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 26 لاکھ 28ہزار 253 میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئیں۔ حجم کے لحاظ سے یہ کمی 3.34 فیصد بنتی ہے۔ جون 2017ء میں دالوں کی درآمدات میں 26.38 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

مزید : کامرس