شجر کاری مہم‘ پنجاب میں12 ملین پودے لگائے جائیں گے،میاں یاور زمان

شجر کاری مہم‘ پنجاب میں12 ملین پودے لگائے جائیں گے،میاں یاور زمان

لاہور(نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری میاں یاور زمان نے کہاہے موسم بہار شجر کاری مہم 2017 کے تحت صوبہ بھرمیں12 ملین پودے لگا ئے جائیں گے، محکمہ جنگلات کے زیر انتظام زمینو ں پر 5.85 ، افواج پاکستان 0.71 ، دیگرمحکمہ جات2.22 جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر 3.22 ملین پودے لگا نے کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں،انہو ں نے یہ بات منگل کو یہاں جنگل کرول گھاٹی پر پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر موجودحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) جہانزیب خان اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران ، سول سوسائٹی، اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے،صوبائی وزیر نے کہاکہ موسم بہار شجر کاری مہم کا بنیاد ی مقصد لوگوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا نے کا شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث جنم لینے والے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایاجاسکے، انہو ں نے کہاکہ ملک میں توانائی او رلکڑی کی بڑھتی ہوئی ضروریات زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی متقاضی ہے اور اس ضمن میں زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد کو اپنی قومی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔

،صوبائی وزیر نے کہا کہمالی سال2017-18 کے دوران محکمہ جنگلات ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کے تحت10600 ایکڑ رقبہ پر ذخیرہ کی صورت میں اورسڑکات کے کنارے 610 ایونیومیل پر شجر کاری کرے گا جبکہ 156 ایکڑ رقبہ پر قلمات کی نرسری لگائی جائیگی جہاں45.58ملین نئے تھیلی دار پودے تیار کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ موسم برسا ت شجر کاری مہم 2017ء کیلئے محکمہ جنگلات نے عوام الناس کو مہیا کرنے کیلئے صوبہ بھر میں353سیل پوائنٹ قائم کئے ہیں جن میں سے 24.093ملین پودے موجود ہیں ،

مزید : کامرس