شاداب کی آل راؤنڈرپرفارمنس،ٹرینیڈاڈ 4وکٹوں سے فتح یاب
پورٹ آف اسپین (نیٹ نیوز)کریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔لیگ اسپنر شاداب خان نے آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو رائیڈرز کو مسلسل دوسرے میچ میں فتح دلائی اور مردِ میدان قرار پائے۔ ٹرینیڈاڈ کی نپی تلی بولنگ کے باعث سینٹ لوشیا سٹارز کی ٹیم 9 وکٹ پر 118 رنز بنا سکی، آندرے فلیچر 40، ڈیرن سیمی25 جبکہ کامران اکمل 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، باقی7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔کیون کوپر نے3 اور ڈیوائن براوو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ ٹرینیڈاڈ نے 15.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کر لیا، شاداب نے جیون سیرلز کے ساتھ 45 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔شاداب 33 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ سیرلز 27 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔