پنجاب حکومت ورلڈ الیون کو سیکیورٹی فراہم کرنے کو تیار

پنجاب حکومت ورلڈ الیون کو سیکیورٹی فراہم کرنے کو تیار

اسلام آباد (آن لائن) ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان 7 سے 17ستمبر تک متوقع ، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر چھائے کالے بادل چھٹنے لگ گئے ، حکومت پنجاب نے پی سی بی کو ورلڈ الیون کا دورہ ری شیڈول کرکے 17ستمبر تک واپس بھیجنے پر فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام جائلز کلارک کو پیش رفت سے آگاہ کرینگے جبکہ دوسری جانب بین الاقوامی کھلاڑی بھی ایک لاکھ ڈالرز کی کثیر رقم پر دورہ پاکستان کیلئے رضا مند دکھائی دیتے ہیں حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے ورلڈ الیون کی سکیوٹی ٹیم کے دورے کے بعد کیاجائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں ورلڈ الیون نے دورہ پاکستان پنجاب حکومت کی طرف سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے سے مشروط کیا تھا جس سلسلے میں پنجاب حکومت اور پی سی بی حکام کے مابین پہلی میٹنگ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہوگئی تھی اور پنجاب حکومت نے پی سی بی حکام کو موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے باعث سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی تاہم گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی پرپنجاب حکومت کی جانب سے رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں پی سی بی کی طرف سے سبحان احمد اور کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم نے شرکت کی اجلاس کے دوران رانا ثناء اللہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتی ہے اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہو تاہم پنجاب حکومت رسک نہیں لینا چاہتی۔ رانا ثناء اللہ نے پی سی بی حکام کو مشورہ دیا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ری شیڈول کردیا جائے کیونکہ لاہور میں 19 ستمبر کو الیکشن ہیں اگر پی سی بی 17ستمبر سے پہلے ورلڈ الیون کا دورہ مکمل کرکے واپس بھجوانے کی یقین دہانی کرواتا ہے تو پنجاب حکومت مکمل فول پروف سکیورٹی دینے کو تیار ہے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ ہفتے ورلڈ الیون کی سکیورٹی ٹیم لاہور پہنچے گی اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے گی انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ ورلڈ الیون کو سترہ ستمبر سے پہلے دورہ مکمل کرکے واپس بھجوادیا جائے ۔ واضح رہے کہ ورلڈ الیون نے شیڈول کے مطابق نو ستمبر سے انتیس ستمبر تک پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو ری شیڈول ہوکر سات سے سترہ ستمبر تک متوقع ہے واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ایک لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی جس پر پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے یہ بہت معمولی قیمت ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی