شاہ زیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پرحکومت اور پی سی بی سے جواب طلب

شاہ زیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پرحکومت اور پی سی بی سے جواب طلب

لاہور( سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے میچ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر شاہ زیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 15 اگست تک جواب طلب کر لیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے روبرو کرکٹر شاہ زیب کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں معطل کرکٹر نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا ہے۔

شاہ زیب کے وکیل نے بتایا کہ میچ فکسنگ کے الزامات میں معاملہ ٹریبونل میں زیر سماعت ہے۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ کسی بھی شہری کو شفاف ٹرائل کے بغیر مجرم قرار نہیں دیا جاسکتا اور نہ ہی اس کے خلاف قانون کے برعکس کوئی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ پی سی بی کے ایماء4 پر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کردیا ہے اور ان کے بیرون جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ شاہ زیب کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے انگلینڈ جانا ہے اس لیے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 15 اگست کو ہوگی۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی