محکمہ صحت کے ڈرگ ونگ کا اجلاس،ادویات کے نمونوں کی چیکنگ کا جائزہ

محکمہ صحت کے ڈرگ ونگ کا اجلاس،ادویات کے نمونوں کی چیکنگ کا جائزہ

لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان کی زیر صدارت محکمہ کے ڈرگ ونگ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز (ڈی ٹی ایل ایس)،فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹسز(جی ایم پی ایس)کی انسپکشن ، ادویات کے نمونوں کی بیرونی ممالک سے ٹیسٹنگ اور دیگر امور کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل جی سی لیبارٹریز برطانیہ لاہور،فیصل آباد اور راولپنڈی کی ڈی ٹی ایل ایس کو ایک سال کے اندرISO 17025 سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کرے گی جبکہ ملتان اور بہاولپور کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کی ذمہ داری ترکش میڈیکل اینڈ میڈیسن ڈیوائس ایجنسی(TMMDA)کو د ی گئی ہے۔پروکیورکی جانے والی ادویات کے 272نمونہ جات کوالٹی تجزیہ کے لئے سوئٹرزلینڈ،سنگاپور،ساؤتھ افریقہ،تھائی لینڈ اور ترکی کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو بھجوائے گئے ہیں ۔ اجلاس میں ایسی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی انسپکشن SKAFSکو جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی جن کمپنیوں سے حکومت ادویات خرید کرتی ہے۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے لئے نئے سٹاف کی بھرتی ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے ہدایت کی کہ DTLsکے لئے بھرتی ہونے والے سٹاف کی تربیت پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی(PFSA)سے کروائی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ ونگ محمد سہیل،چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر یداللہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1