جشن آزادی تقریبات،ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کالجوں میں تقریری مقابلے
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور کے زیر اہتمام پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔اس ضمن میں شہر کے مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات میں تقریری مقابلے ہو ئے۔ گرلز کے مقابلہ جات سمن آباد گرلز کالج میں ہو ئے جبکہ میل کے مقابلہ جات گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنزمیں ہوئے۔طلباو طالبات کے مابین ڈسٹرکٹ کی سطح پر مقابلہ جات ہوئے۔طلبا و طالبات نے اپنی تقریروں میں محب وطنی اور پاکستان موومنٹ کو اجاگر کیا اور تحریک پاکستان کے ہیروز کو شان دار خراج تحسین پیش کیا۔اس کے علاوہ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے زیر اہتمام آج بھی سکولوں میں صفائی ستھرائی مہم کو جاری رکھا گیاجبکہ سکولوں میں پودوں کے لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ شہر لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات جوش وخروش سے جاری ہیں اور عوام الناس بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔