نوازشریف جہاز سے اتر کر جی ٹی روڈ پر آچکے ہیں،عبدالعلیم خان

نوازشریف جہاز سے اتر کر جی ٹی روڈ پر آچکے ہیں،عبدالعلیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف جہاز سے اتر کر جی ٹی روڈ پر آ چکے ہیں انہیں اپنے کیے کو بھگتنا ہو گا اب بھی وقت ہے کہ آئیں بائیں شائیں کرنے کی بجائے قوم سے سچ بولیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ شریف خاندان کے اقتدار کا باب ختم ہو چکا ہے اور جمہوریت کے نام پر خاندانی بادشاہت مزید نہیں چلے گی عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کی ریلی احتساب اور انصاف کیخلاف ہے،لوٹ مار کی کمائی چھپانے کیلئے جو بھی حربہ اختیار کرلیں ناکام ہی ہوگاانہوں نے کہا کہ نواز فیملی کا ہر دورکرپشن سے عبارت ہے،جب بھی کبھی کسی نے ان کی غیر آئینی اور غیر قانونی سرگرمیوں سے پردہ اٹھایا،انہوں نے توڑ پھوڑاور ملکی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جعلی مینڈیٹ کی بدولت اقتدار پر قبضہ جماتے ہوئے لوٹ مار کا بازار گرم کیا،کسی نے آواز اٹھائی تو اس کو اپنے درباری افسروں کی مدد سے انتقام کا نشانہ بنایا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس خاندان کے مقابلے میں عمران خان نے نتائج کی پرواہ کئے بغیر کلمہ حق بلند کیا اور اب پورے نواز خاندان کے کٹہرے میں کھڑے ہونے کا وقت قریب آرہا ہے تو اداروں سے تصادم کیلئے محاذ آرائی بھی عروج پر پہنچائی جارہی ہے۔