سعودی عرب: ائرپورٹ پر گھریلوں ملازماں کیلئے سروس شروع

سعودی عرب: ائرپورٹ پر گھریلوں ملازماں کیلئے سروس شروع

جدہ (آن لائن)سعودی عرب کے ایک ایئرپورٹ نے بیرون ملک سے آنے والی گھریلو ملازماں کے لیے ایک سروس شروع کی ہے جس کے تحت انھیں ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد براہ راست ان کے مالکان تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ انھیں وہاں خود سے نہ جانا پڑے۔سعودی عرب کے کنگ خالد ایئرپورٹ کی نمائندگی کرنے والی ریاض ایئرپورٹ کمپنی نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں طیارے کا دروازہ ایک گھر میں کھلتا ہوا نظر آتا ہے۔اس کے ساتھ یہ لکھا ہوا ہے کہ 'اس توصلک سروس کے تحت ہم آپ کی گھریلو ملازمہ کو طیارے سے براہ راست آپ کے گھر پہنچاتے ہیں۔'اس سروس کی خدمات لوگ فون کے ذریعے ڈراپ کرنے کی فیس ادا کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔

اس پر عرب کے ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ملے جلے رد عمل سامنے آئے ہیں۔بعض کا کہنا ہے کہ کمپنی کی یہ سروس ان بیرونی گھریلو ملازموں کو بے جا پریشانیوں سے بچاتی ہے جبکہ بعض نے اسے گھریلو ملازموں کو مصنوعات میں تبدیل کرنے کے طور پر بیان کیا ہے۔ایک ٹوئٹر صارف نے پوچھا کہ 'کیا انھیں کارگو سمجھا جائے؟' جبکہ ایک دوسرے صارف نے کہا کہ اس سروس کا مطلب انھیں کہیں 'بھاگنے سے روکنا' نظر آتا ہے۔خلیج کی یہ مملکت لاکھوں گھریلو ملازموں پر منحصر ہے جن میں سے بہت سے بنگلہ دیش جیسے جنوبی ایشیائی ممالک سے آتے ہیں۔تمام بیرونی ملازموں کو سعودی عرب میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر جانے کے لیے سعودی شہری سپانسر کی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے اور ویزے کے انتظام میں چھ ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔

 

مزید : عالمی منظر