ویزہ سٹکرمیں جعل سازی، پاکستانی نژاد امریکی خاتون کوجیل بھیج دیاگیا

ویزہ سٹکرمیں جعل سازی، پاکستانی نژاد امریکی خاتون کوجیل بھیج دیاگیا

لاہور(نامہ نگار) ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستانی ویزہ سٹکرمیں جعل سازی کرنے کے مقدمہ میں ملوث پاکستانی نژاد امریکی شہری خاتون کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ایف آئی اے کو مقدمہ کا چالان 21اگست تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر چیمہ نے ملزمہ نورجہاں کے کیس کی سماعت کی۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ نور جہاں نے امریکہ سے پاکستان واپسی کے لئے پاکستانی ویزہ سٹکرکی تاریخ میں تبدیلی کی ہے اور لاہور ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام کی جانب سے ملزمہ کے پاسپورٹ پر لگے پاکستانی ویزہ کی تصدیق نہ ہونے پر خاتون کو گرفتار کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ ملزمہ نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ اس نے پاکستانی ویزے کے لئے اپنا پاسپورٹ ایجنٹ کے حوالے کیا تھا اور ایجنٹ کی جانب سے کی گئی جعل سازی سے ملزمہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پاکستانی ویزہ سٹکرمیں جعل سازی میں ملوث پاکستانی نژاد امریکی شہری ملزمہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزمہ کے خلاف درج مقدمہ کا چالان 21اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

مزید : علاقائی