ٹرک دھماکہ،ایک اورلاش مل گئی، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

ٹرک دھماکہ،ایک اورلاش مل گئی، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (خبرنگار، اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے ) شفیق آباد کے علا قہ آؤٹ فال روڈ پر ہونے والے ٹرک دھماکے کے دوسرے روز ریسکیو کے آپریشن کے دوران ملبے سے ایک اور لاش ملی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداددو ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آؤٹ فال روڈ پر ہونے والے دھماکے کے بعد دوسرے روز بھی ریسکیو کا سرچ آپریشن جاری تھا کہ ملبے کے نیچے سے ایک اور لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔پولیس نے لاش کو ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر پھلوں سے لدے ٹرک میں بارودی مواد پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 45زخمی ہوگئے تھے۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت امانت کے نام سے ہوئی تھی جو کامونکی کا رہائشی تھا۔دریں اثناء ٹرک دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوزیو ایکٹ، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات درج کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے۔حکام کے مطابق دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ انسداد دہشت گردی فورس کے انسپکٹر عابد کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کی گئی یف آئی آر دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوزیو ایکٹ، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔ متن میں لکھا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے نامعلوم دہشت گردوں کی ایما پر دھماکہ کیا، دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

مزید : علاقائی