چینی ماہرین پرقاتلانہ حملہ ناکام بنانے والے کانسٹیبل کو انعام اورسرٹیفکیٹ
لاہور (کرا ئم ر پورٹر ) ڈی آئی جی ایس پی یو فیصل رانا نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کانسٹیبل زبیر کو فرض شناسی اوربہادری کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعام اورCC2 سرٹیفکیٹ سے نوازاہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کے شادانی کیمپ ورکنگ سائٹ پرسی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے میں مصروف چینی ماہرین پر چار اگست کو دو نامعلوم نقاب پوش حملہ آورافراد نے فائر کھول دیا تھا تاہم سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ایس پی یو کے کانسٹیبل زبیر نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے نہ صرف حملے کو ناکام بنایا بلکہ سائٹ پر موجود تمام چینی ماہرین کی حفاظت بھی یقینی بنائی ۔ واقعے کے دوران حملہ آوروں نے کانسٹیبل زبیر کو بھی نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہو گیا مگر زخمی ہونے کے باوجود اس نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کوموقع پر قابو کرلیا۔اس شاندار کارکردگی پر ڈی آئی جی ایس پی یو فیصل رانا نے کانسٹیبل زبیر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے20ہزار روپے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے۔ تقریب میں دوران ڈیوٹی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کانسٹیبل حافظ تنویر کو 10ہزار جبکہ کانسٹیبل قیصر کو 5ہزار اور سرٹیفکیٹ دئے گئے۔ ڈی آئی جی فیصل رانا کا کہنا تھا کہ فرض شناس ، ایماندار اور محنتی اہلکار ایس پی یو کا قابل فخر سرمایہ ہیں اور بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ نالائق ، کام چور اور بد دیانت اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔