مسلم لیگ (ن) نئی قیادت منتخب کرے : الیکشن کمیشن ، شہباز شریف نئے پارٹی صدر ہوں گے : ظفر الحق

مسلم لیگ (ن) نئی قیادت منتخب کرے : الیکشن کمیشن ، شہباز شریف نئے پارٹی صدر ہوں ...

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے تحت نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا لہٰذانواز شریف کی بجائے نواز لیگ کا نیا صدر منتخب کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیاجائے ۔ ذرائع کے مطابق روز الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز جاری نوٹس میں کی گئی الیکشن کمیشن سے جاری نوٹس کے مطابق پولیٹکل پارٹیز ایکٹ 2002ء کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف بھی نااہل ہوچکے ہیں لہٰذاقانون کے مطابق پارٹی کا نیا صدر منتخب کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے ۔

الیکشن کمیشن نوٹس

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کو پارٹی کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ غیرملکی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ میاں شہباز شریف کو صدر بنانے کے فیصلے کا اعلان ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پارٹی کے اندر اب تک جو بھی مشاورت ہوئی ہے اس میں اکثریتی ارکان کی یہی رائے ہے کہ میاں نواز شریف کی سیاست سے نااہلی کے بعد پارٹی کی باگ ڈور میاں شبہاز شریف کو سونپ دینی چاہیے۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سابق فوجی صدر مشرف کے دور میں بھی جب میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنا کر سیاست سے نااہل قرار دیا گیا تھا تو مسلم لیگ(ن)نے شہباز شریف ہی کو پارٹی کا صدر بنایا تھا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں جب راجہ ظفر الحق سے پوچھا گیا کہ پارٹی اب کسی کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے یا اس کی لڑائی کس سے ہے تو انھوں نے کہا کہ یہ لڑائی عوام کے ووٹروں کی بے قدری کے خلاف ہے۔انھوں نے کہا کہ الیکشن اگلے برس جون میں ہونے والے ہیں اور کئی سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی تیاریاں شروع کر دی ہیں اس لیے مسلم لیگ ن نے بھی تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومتی اور انتظامی معاملات کی وجہ سے اب تک جماعت کے تنظیمی معاملات نظر انداز ہوتے رہے ہیں لیکن اب جماعت کے معاملات کو سنجیدگی سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ظفرالحق

مزید : صفحہ اول