عالم اسلام متحد ہوکر امت مسلمہ کو مصائب سے نکال سکتے ہیں،مولانا سعید عنایت

عالم اسلام متحد ہوکر امت مسلمہ کو مصائب سے نکال سکتے ہیں،مولانا سعید عنایت

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر ) انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعیداحمد عنایت اللہ نے مؤتمر عالمِ اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ ظفر الحق سے گذشتہ روز ملاقات کی جس میں عالمی صورت حال شام،کشمیر، فلسطین ،عراق،سعودی عرب سمیت مشرقِ وسطیٰ اور ملکی صورت حال ، امت مسلمہ کے اجتماعی مصائب و مشکلات اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پرباہمی تفصیلی بات چیت کی انہوں نے کہا کہ عالم اسلام متحد ہوکر امت مسلمہ کو مصائب و مشکلات سے نکال سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہر طرف مسلمان ہی ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں مسلم حکمرانوں کو مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے باہمی متحد ہوکر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائت اللہ نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے آئین و قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ پاکستان سمیت پوری دنیا میں فتنہ قادیانیت کا تعاقب کرتے ہوئے نسل نو کے ایمان کی حفاظت اور عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہے ۔دریں اثناء مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائت اللہ نے مؤتمر عالمِ اسلامی کی مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان قرآن مجید کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بناتے ہوئے کامیاب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اصول دین میں متحدو متفق ہے جبکہ فروع میں ایک دوسرے کے اختلاف رائے کو برداشت اور احترام کرنا ہوگا تاکہ یہ امت مسلمہ مزید افتراق و انتشار اور فساد سے محفوظ ہوسکے انہوں نے کہا کہ مسلمان عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ دنیا میں کامیابی ، آخرت میں نجات اور شفاعت رسولﷺ کا بہترین ذریعہ ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4