پانامہ کیس میں نواز شریف کو اپنی صفائی پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا : عمران خان

پانامہ کیس میں نواز شریف کو اپنی صفائی پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا : ...
 پانامہ کیس میں نواز شریف کو اپنی صفائی پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا : عمران خان

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز میں نام آنے کے بعد شریف خاندان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا بھرپور موقع ملا، مسلم لیگ (ن) والے چاہے کچھ بھی کرلیں ان کے آگے صرف شکست ہے۔بنی گالہ میں پی ٹی ْ آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب صفائی دینے کا وقت تھا تب شریف ٰخاندان نے کوئی صفائی پیش نہیں کی اور اب کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوگئی ہے، نواز شریف خود ہی بتادیں کہ سازش کون کررہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک کے خلاف بہت بڑی سازش ہورہی ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے والا شخص سرکاری خرچ پر لاہور جانے والا ہے جہاں وہ خود کو مظلوم بناکر پیش کرے گا۔ ہم نے تحریک انصاف کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں نواز شریف کی لاہورآمد کے معاملے پر غور کیا جائے گا، تحریک انصاف پاکستان کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ جب نواز شریف سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مان رہے تو ملک کی جیلوں میں موجود لوگ عدالتوں کا فیصلہ صرف اس لیے مانیں کہ وہ غریب ہیں۔نواز شریف صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے اداروں کو تباہ کررہے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ ان کا کیس نیب میں چلنے والا ہے جہاں وہ پھنس جائیں گے۔ نواز شریف نیب سے ڈرے ہوئے ہیں، ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ ان پر جو الزامات ہیں وہ پاکستان کے بڑے سے بڑے چور پر بھی نہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نیب حدیبیہ پیپر ملز کیس پر فوری اپیل کرے، اقامہ حاصل کرنا منی لانڈرنگ کا طریقہ ہے، لوگ منی لانڈرنگ کے لیے اقامہ بنواتے ہیں، ملک کا وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ بھی دبئی کے شہری ہیں، یہ اب نیب اور سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نئے وزراء کے ذریعے 200 ارب روپے الیکشن خریدنے کے لیے خرچ کیے جارہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار جن کے خلاف خود نیب میں کیسز کھلنے والے ہیں انہیں دوبارہ وزیر خزانہ بنادیا گیا ہے۔ (ن) لیگ والے چاہے جو بھی کرلیں ان کے آگے شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کے چینل کا عوام کو بائیکاٹ کرنا چاہیے، کیا میڈیا ہاؤس کا یہی کام ہے کہ جو بھی انہیں پیسہ دے اس کے ایجنڈے کو فروغ دینا شروع کردے چاہے وہ ملک کے خلاف ہی کیوں نہ ہو؟عائشہ گلالئی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات ہوں، پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کے لوگ وضاحت پیش کریں گے، یہ کوئی انصاف نہیں کہ ایک کمیٹی بنادی جس میں سارے ہمارے مخالفین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عائشہ گلالئی پر الزام نہیں لگایا جس نے لگایا وہ ثبوت دے۔ طاہر القادری کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کا مطالبہ جائز ہے اور تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف دلانے میں ان کی مدد کرے گی۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول