متحدہ طلباء محاذ میں شامل طلباء تنظیموں کا اجلاس اہم تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال

متحدہ طلباء محاذ میں شامل طلباء تنظیموں کا اجلاس اہم تعلیمی مسائل پر تبادلہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)متحدہ طلباء محاذ میں شامل طلباء تنظیموں کا اہم اجلاس سٹوڈنٹ سیکریڑیٹ ایوان خیر لاہور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں اہم امور اور تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سید بو علی شاہ ،المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی ترجمان محمد حنظلہ عماد،احمد قیوم ۔جمعیتہ طلباء اسلام (ف) کے مرکزی صدر محمد عبدالرحمن ۔اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر حافظ محمدعثمان ،عمار طالب ،اسلامی تحریک طلباء کے مرکزی سیکریڑی جنرل محمد عدنان ،اے ٹی آئی کے طیب شیخ ،سردار عمیر ڈوگر ،سید حسنین نوری اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت طلباء یونین کے فوری انتخابات کااعلان کرے اور فیسوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیاجائے ۔مرکزی صدر انجمن طلباء اسلام سید بو علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ، پارلیمان اور ایگزیکٹو کو اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا ۔ مظلوم فلسطینی مسلمان امید بھری نظروں سے مسلم حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ بیت المقدس کی آذادی کے لئے تمام اسلامی ممالک مشترکہ جدوجہد کریں ۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی ترجمان محمد حنظلہ عمادنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہبھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں تخریب کاری کی کاروائیوں میں ملوث ہے۔

پاکستانی قوم کو مختلف عصبیتوں کے نام پر آپس میں لڑانے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی کا فروغ دینا ضروری ہے۔ پاکستان میں انتشار اور فساد پھیلانے کیلئے ملک دشمن قوتیں سرگرم عمل ہیں۔جمعیتہ طلباء اسلام (ف) کے مرکزی صدر محمد عبدالرحمن نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیدار کیوں خاموش ہیں۔ محکوم فلسطینی مسلمان آذادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے جو کہ عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر حافظ محمدعثمان نے کہا کہ پاکستان کے استحکام ، تحفظ اور سلامتی کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان کو چاروں طرف سے گھیرا جارہا ہے ان حالات میں قومی قائدین اقتدار کی جنگ چھوڑ کر ملکی سلامتی کیلئے متحد ہو جائیں۔ اجلاس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا