آؤٹ فال روڈ دھماکہ کی ابتدائی رپورٹ پیش ، شہباز شریف کا پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا حکم

آؤٹ فال روڈ دھماکہ کی ابتدائی رپورٹ پیش ، شہباز شریف کا پنجاب کے داخلی و ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدار ت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آؤٹ فال روڈ پر دھماکے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے اور پنجاب اور لاہور میں آنے والی گاڑیوں کی موثر چیکنگ ہونی چاہیئے۔ اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے جامع رپورٹ جلد سے جلد پیش کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور دھماکے کے واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور ہسپتالوں میں زخمیوں کی بہترین نگہداشت جاری رکھی جائے اور زخمیوں کے تیمارداروں کو بھی ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں موجود متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ سگیاں کے پاس ٹرک اڈہ واضح ہدایات کے باوجود دوسری جگہ کیوں منتقل نہیں کیا گیا؟ ٹرک اڈہ جلد سے جلد دوسری جگہ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو از خود ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں نہ کہ میری ہدایات کا انتظار کرنا چاہیئے۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ایوب گادھی، جہانگیر خانزادہ، ایم این اے حمزہ شہبازشریف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی اہم دور سے گزررہا ہے اور موجودہ حالات میں اتحاد اوراتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج یہاں ایک بیان میں کہاکہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور سی پیک کے باعث پاکستان نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ ترقی دشمن کو کھٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اتحاد کی قوت سے دشمن کے ایسے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے ملک کو دھرنوں اورلاک ڈاؤنوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے اور ان عناصر نے ناشائستگی اور الزامات کی سیاست کو پروان چڑھایا۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول