سانحہ کوئٹہ کو ایک سال مکمل،ملک بھر کے وکلاء کا یوم سوگ

سانحہ کوئٹہ کو ایک سال مکمل،ملک بھر کے وکلاء کا یوم سوگ

لاہور(نامہ نگارخصوصی)کوئٹہ دہشت گردی واقعہ کا ایک سال مکمل ہونے پرلاہور ہائیکورٹ بار نے بھی ملک بھر کے وکلاء نے یوم سوگ منایا،وکلاء عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے وکلاء پر نہیں بلکہ پاکستان اور عدالتی نظام پر حملہ کیا، گھبرانے والے نہیں ،ریاست دہشت گردوں کا قلع قمع کرے۔لاہور ہائی کورٹ بار نے مطالبہ کیا کہ شہید وکلاء کے لواحقین کو سرکاری افسران جو شہید ہو جاتے ہیں کے برابر مراعات دی جائیں۔کوئٹہ دہشت گردی واقعہ کا ایک سال مکمل ہونے پرلاہور کے وکلاء نے ہڑتال بھی کی ،سانحہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء کا مذمتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں راشد جاوید لودھی قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے شہدائے کوئٹہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اور اپنے شہید وکلاء بھائیوں / شہریوں کی یاد میں کوئٹہ میں ایک بہت بڑا اجتماع منعقد، دیگر بار ایسوسی ایشنز میں بھی شہداء کی یاد میں تعزیتی اجلاس۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے لواحقین کو سرکاری افسران جو شہید ہو جاتے ہیں کے برابر مراعات دی جائیں۔دیگروکلاء نے خطاب کرتے ہوئے ایک سال قبل کوئٹہ کچہری میں وکلاء پر ہونے والی دہشت گردی کی کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، وکلاء عہدیداروں نے کہا کہ کوئٹہ واقعہ کے بعد دہشت گردی کے خاتمے کے حکومتی د عوے بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں اگر حکومت امن و امان کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو حکمران گھر چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم سیسہ پلائی دیوار ہے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ دہشت گردی سے نمٹا جا سکے۔

یوم سیاہ

مزید : صفحہ اول