حکومت لندن کی جائیدادیں قرق نہیں کرسکتی

حکومت لندن کی جائیدادیں قرق نہیں کرسکتی

اسلام آباد (آن لائن) حسن نواز نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ لندن میں انکے پاس متعدد جائیدادیں ہیں یہ جائیدادیں کرپشن سے نہیں بلکہ جائز دولت سے خریدی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری زندگی نہ تو انہوں نے اپنے والد نواز شریف سے ایک پائی وصول کی ہے اور نہ ایک پائی انہیں ادا کی ہے ۔ نیب لندن کی جائیدادوں کو قرقی نہیں کر سکتا اور نہ کسی کو یہ جائیدادیں قرقی کرنے کی اجازت دیں گے ۔ برطانوی اخبار ’’دی ٹائم ‘‘کو حسن نواز نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان شریف خاندان کی لندن میں جائیدادوں کی قرقی کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں رکھتی ۔ ابتدامیں جب انہوں نے کاروبار کیا تو صرف 2 جائیدادیں تھیں ان جائیدادوں کو برطانوی بنکوں میں گروی رکھ کر مزید کاروبار کو وسعت دی گئی اس میں نہ منی لانڈرنگ کا پیسہ استعمال ہوا ہے نہ کرپشن کا کیونکہ انہوں نے کبھی بھی اپنے والد نواز شریف سے کوئی رقم نہ وصول کی ہے اور نہ کوئی رقم ادا کی ہے ۔ برطانیہ میں جائیدادیں خریدنا اور تعمیر کر کے فروخت کرنا ان کا کاروبار ہے اور ان کا یہ کاروبار برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے اور رجسٹرڈ کمپنی کے وہ واحد مالک ہے اور وقت پر ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ برطانوی ماہر قانون کے حوالے سے برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ حکومت پاکستان برطانیہ شریف خاندان کی جائیداد اپنے قبضہ میں لینا مشکل کام ہے اور اس قسم کے مقدمہ بازی میں کئی سال لگتے ہیں تاہم برطانوی عدالتی احکامات کی روشنی میں یہ جائیدادیں حکومت پاکستان کو واپس مل سکتی ہیں ۔تاہم اس کا جواز پیش کرنے کی ذمہ داری حکومت پاکستان کے ذمے ہو گی ۔

حسن نواز

مزید : کراچی صفحہ اول