طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کے علوم روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے : محمود خان

طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کے علوم روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے : محمود خان

مٹہ سوات ( نمائندہ پاکستان )صوبائی وزیر کھیل و ثقا فت، میوزیم و امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملا کنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ طلباء کو جدید سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علو م سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت اس مد میں کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے تا کہ طلباء سائنسی تحقیق اور فنون کے میدان میں مہارت حاصل کرکے ملک و قوم کو ترقی سے ہمکنار کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج مٹہ سوات میں طلباء کیلئے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات مختلف کالجوں کے پرنسپلز کے حوالہ کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے کہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے یہ جدید آلات کو صوبائی حکومت نے یو ایس ایڈ کے تعاؤن سے فراہم کئے گئے۔ تقریب میں دوسروں کے علاوہ تحصیل ناظم مٹہ سوات عبدا للہ خان مختلف کالجوں کے اساتذہ کرام اور طلباء بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مٹہ سوات پروفیسر حاجی نواب اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے چےئر مین پروفیسر عبدا للہ خان نے بھی خطا ب کیا۔ صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم اور صحت میں ایمرجنسی کا جو نعرہ لگایا تھااللہ تعالیٰ کی فضل و کرم سے اس میں 100 فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ گورنمنٹ کالج مٹہ سوات کے طلباء نے امتحانات میں نمایاپوزیشن حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالجوں میں اساتذہ کرام کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیوں میٹرک سسٹم کا نظام اور میرٹ شفافیت کے ذریعے آن لائن داخلے کا نظام رائج کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبائی حکومت نے سی پیک میں چین کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے کہ ہونہار طلباء اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے ہر حلقے میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لا رہی ہے تا کہ ہمارے غریب اور نادار طلباء کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے مواقعے انکی دہلیز پر فراہم ہو سکیں ۔اس موقع پر انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ جدید علوم کے حصول پر رکھیں ۔ محمود خان نے سپاسنامے میں پیش کردہ مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مٹہ کالج کے گراؤنڈ کیلئے کثیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیفی ٹیریااور بی ایس پاٹ کے قیام کیلئے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائیگا ۔ اس موقع پر انہوں نے کالج طلباء کے سٹڈی ٹور کے لئے ایک لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا گیا ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ملاکند ڈویژن کے مختلف کالجوں کے پرنسپلز کو سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات حوالے کیے۔قبل ازیں محمود خان نے کالج ھذا میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے بنائی گئی آئی ٹی اکیڈمی کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول