ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادیں گے ،سید مصطفی کمال

ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادیں گے ،سید مصطفی کمال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک اس کی بقاء کے لئے اس قوم نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا ہے جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مادرِ ملّت محترمہ فاطمہ علی جناح سے لے کر آج تک خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہارسید مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں پارٹی صدر انیس قائم خانی، رکن سینٹرل ایکزیکٹو کمیٹی شاکر علی ، اراکین نیشنل کونسل آسیہ اسحاق اور صوفیہ سعید کے ہمراہ پاک سر زمین پارٹی کے شعبہ خواتین کے کراچی ڈویژن کی15 رکنی کمیٹی کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرانہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح پاک سر زمین پارٹی کی شعبہ خواتین کی کارکنان پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچا کر پاکستان کی ترقی کے مقصد کو مردوں کے شانہ بشانہ آگے لے کر جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی ایک جسم کی مانند ہے اور ہر کارکن اس جسم کا حصہ ہے اور اگر ایک حصہ صحیح کام نہیں کرے گا توپورا جسم متاثر ہوتا ہے ۔قبل اذیں انہوں نے سانحہ کوئٹہ کے ایک سال مکمل ہونے پر شہید ہونے والے وکلاء، شہریوں ، صحافیوں ، کیمرہ مینوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ قوم کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر کے تمام ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں دھماکہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ سازش تھی ، ایسے حملے پاکستان کی سا لمیت کو متاثر کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔