نواز شریف کی ریلی ملک کے خلاف نہیں ہے ،آغاسراج درانی

نواز شریف کی ریلی ملک کے خلاف نہیں ہے ،آغاسراج درانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ نواز شریف پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے خلاف بات کررہے ہیں ۔ریلی نکالنا سیاستدانوں کا حق ہے ،نواز شریف کی ریلی ملک کے خلاف نہیں ہے ۔گورنر سندھ وفاق کا نمائندہ ہوتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے فیصلوں کو نظرانداز کررہے ہیں جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جب کنٹینر پر چڑھے تو اس وقت نواز شریف کی حالت خراب تھی ۔آصف علی زرداری نے اس وقت آگے بڑھ کر جمہوریت کو بچایا ۔نواز شریف نے ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا ۔نواز شریف سے میں لانڈھی جیل میں ملا تھا اور انہیں کہا تھا کہ آپ نے ہمارے ساتھ نانصافی کی ہے ۔نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں سندھ کو نظرانداز کیا ۔وہ صوبے کے چند اضلاع کا دورہ کرکے چلے گئے تھے ۔ایسا تو نہیں ہوسکتا ہے کہ نواز شریف پر مشکل وقت آئے تو ہم ساتھ دیں اور سندھ کے ساتھ ناانصافی ہو تو نواز شریف خاموش رہیں ۔اب دیکھنا ہوگا کہ نئے وزیراعظم سندھ کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد نواز شریف مسلسل سپریم کورٹ کے خلاف بات کررہے ہیں ۔ریلی نکالنا سیاستدانوں کا حق ہے میں نواز شریف کی ریلی کو ملک کے خلاف نہیں سمجھتا ہوں ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرین کے معاملے نے مجھے حیران کردیا ہے ۔اس وقت جو سیاست ہورہی ہے اس سے پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہورہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں اسپیکر سند ھ اسمبلی نے کہا کہ گورنر سندھ وفاق کے نمائندے ہیں لیکن وہ سندھ اسمبلی کے فیصلوں کو نظر انداز کر رہے ہیں جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے ارکان سند ھ اسمبلی نے بل کی حمایت کی لیکن گورنر سندھ کو اعتراض ہے ۔انہوں نے کہا کہ منظور وسان ہمارا شہزاد ہے وہ خواب دیکھتا رہتا ہے اور اس کے اکثر خواب سچے ثابت ہوتے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ جو ارکان مختلف جماعتوں سے منحرف ہوئے ہیں اور انہوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے ان کے خلاف کسی پارٹی نے مجھے شکایت نہیں کی ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول