لاہور میں دہشت گردی کی تحقیقات کرائی جائے ،ایم کیو ایم (پاکستان)

لاہور میں دہشت گردی کی تحقیقات کرائی جائے ،ایم کیو ایم (پاکستان)

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے لاہور کے علاقے آؤٹ فعال روڈ کے قریب تین روز سے کھڑے ٹرک میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان) نے کہا کہ بارود سے بھرا ایک ٹرک لاہور کے ایک مصروف ترین علاقے میں کھڑا رہا لیکن کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اس کی خبر تک نہ ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں ہونے والا بم دھماکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کھلی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے بیان میں ایم کیوایم (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملوں سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر منظم انداز میں دہشت گردی کی نئی لہر نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے جس کی روک تھام کرنا انتہائی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم (پاکستان) نے وفاقی وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں دہشت گردی کے واقع کی تحقیقات کرائی جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول