شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی، ملزمان نے مزاحمت پر منیجر کو قتل کر دیا

شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی، ملزمان نے مزاحمت پر منیجر کو قتل کر دیا

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے بینک منیجر جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارع قائدین پر واقع نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے بینک مینجر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق بینک منیجر باہر کھڑا تھا کہ اسی دوران ڈاکو بینک سے باہر نکلے تو انہوں نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ایس ایس پی کراچی شرقی عرفان بلوچ کے مطابق بینک ڈکیتی کی واردات کے ملزمان کی تعداد 4 تھی جب کہ ملزمان نے 30 بور سے فائرنگ کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بینک کی اپنی سیکیورٹی انتہائی ناقص تھی جب کہ بینک منیجر کو مزاحمت کرنے کے بجائے پولیس کو اطلاع دینی چاہیے تھی تاہم پولیس نے 2 بینک گارڈز کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بینک ڈکیتی میں منیجر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ دن دیہاڑے کیسے ڈکیتی ہوئی اور اتنا بڑا واقعہ کیسے پیش آیا جب کہ واردات کے وقت علاقہ پولیس کہاں تھی،اس وقت تک کیا پولیس ایکشن ہوئے مجھے رپورٹ کریں۔

مزید : کراچی صفحہ اول