گلگت بلتستان کو پاکستان کا خوشحال ترین خطہ بنایا جائیگا،برجیس طاہر

گلگت بلتستان کو پاکستان کا خوشحال ترین خطہ بنایا جائیگا،برجیس طاہر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں محمدنوازشریف کے وژن کی تکمیل کے ذریعے اسے پاکستان کا خوشحال ترین خطہ بنایا جائے گا اور گلگت بلتستان میں محمدنوازشریف کی پالیسیزز اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے دن رات کام جاری رہے گا۔اُنہوں نے یہ بات آج گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ الرحمن سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے علاوہ گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان اور گلگت بلتستان کونسل ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور کا بینہ ممبران وجی کونسل ممبران نے بھی وفاقی وزیر کو وزارت اُمو رکشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ دوسری مرتبہ وزارت کا منصب سنبھالنا اُن کے لیے باعث فخر ہے اور یہ اُن کی شخصیت اور صلاحیتوں پر محمدنوازشریف اور پارٹی قیادت کے بھرپور اعتمادکابھی اظہار ہے۔وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ و دیگر کابینہ ممبران اور گلگت بلتستان کونسل ممبران کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے لیے محمدنوازشریف کے ایک کارکن کی طرح اپنا کردار جاری رکھیں گے اور گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر اُن تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کا وعدہ محمدنوازشریف نے گلگت بلتستان کے عوام سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف نے گلگت بلتستان کو تاریخی ترقیاتی بجٹ ،اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک کے منصوبوں کے ذریعے لامحدود وسائل فرائم کیے ہیں جن سے گلگت بلتستان اور اس کے عوام کا آنے والا کل انتہائی روشن اور تانباک ہو چکا ہے ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام محمدنوازشریف سے بے حد پیار کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کے قیام ، گلگت سکردو روڈ ، گلگت چترال روڈ استور شاہراہ اور ہائیڈل پروجیکٹس سمیت گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہیں اور محمدنوازشریف نے گلگت بلتستان کی عوام سے کیے گئے 70 فیصد وعدے سچ دوسال کے قلیل عرصے میں سچ کر دکھائے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کے دور کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے دلوں میں جو مقام محمدنوازشریف کا ہے اُس کو کسی صورت میں ختم نہیں کیا جاسکتا اور گلگت بلتستان کے روشن کل کے لیے محمدنوازشریف کی پالیسیزز اور وژن پر من وعن عملدرآمد جاری رہے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر