آج جی ٹی روڈ پر سروں کا سمندر دیکھنے کو ملے گا،زعیم قادری
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر زعیم قادری نے کہا ہے کہ 9اگست بدھ کے روز جی ٹی روڈ پر سروں کا سمندر ہوگا کیونکہ اس وقت سوال صرف وزیراعظم کی نااہلی نہیں بلکہ سول بالا دستی جس کی آئین پاکستان نے ضمانت دی ہے اس کو بحال کرنا ہے۔نواز شریف بحالی کے بعد بھی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔وہ نواز شریف کے استقبال کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان کی رہائشگاہ پر پہنچے جہاں پر نوجوان مسلم لیگی راہنما چوہدری حیدر سلطان نے ان کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر صوبائی وزیر تعمیرات ملک تنویر اسلم سیتھی، سابق تحصیل ناظم چکوال سردار آفتاب اکبر، ایم پی اے شہریار اعوان، چیئرمین ضلع کونسل ملک اسلم ڈھلی، وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد، چیئرمین ملک نعیم اصغر اعوان، چوہدری شہریار لیاقت، چوہدری ارشد بکھاری کلاں بھی موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زعیم قادری نے بتایا کہ2018ء سے قبل میاں محمد نواز شریف سازش کے بارے میں قوم کو آگاہ کرینگے، پوری قوم باشعور ہے اور وہ سمجھ چکی ہے کہ طے شدہ پروگرام کے تحت ملک کے وزیراعظم کو فارغ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست کے فیصلے عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں، پوری قوم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے، اور آنیوالے عرصے میں عوام کی عدالت جب اپنا فیصلہ سنائے گی تو سب کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حلقہ این اے 120سے مسلم لیگ ن کا امیدوار کون ہوگا آئندہ دو روز میں فیصلہ ہوجائے گا کہ کون اس حلقے سے مسلم لیگ ن کا امیدوار ہوگا کیونکہ قائد محترم میاں نواز شریف نے میاں شہباز شریف کو پنجاب میں ہے وزیراعلیٰ رکھنے کا فیصلہ دے دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پارٹی کی ہائی کمان کو ضلع چکوال میں پارٹی کے اندر اختلافات کی مکمل اطلاعات ہیں لہٰذا اس ضمن میں جلد ہی پارٹی ہائی کمان معاملات کو بہتر کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی ٹیم چکوال بھیجے گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان کی تیمارداری کی جو کہ گزشتہ کئی ماہ سے صاحب فراش ہیں، صوبائی وزیر نے چوہدری لیاقت علی خان کی جلد صحت یابی کی خصوصی دعا کی۔اس موقع پر سابق تحصیل ناظم سردار آفتاب اکبر بھی موجود تھے۔