کوہاٹ میں ایک شخص کو مسجد کے اندر قتل کردیا گیا

کوہاٹ میں ایک شخص کو مسجد کے اندر قتل کردیا گیا

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے علاقہ چیچنہ میں مقامی باشندے کو نامعلوم افراد نے مسجد کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔واقعہ رات گئے پیش آیا مقتول کوسر میں گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ انڈس ہائی وے پر واقع علاقہ چیچنہ کا رہائشی باشندہ محمد ساجدولد جہان گل نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد مقامی مسجد میں موجود تھا کہ رات گئے نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔مقتول کو سرمیں گولی مار کر قتل کرنے کے بعد نامعلوم ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ہیں۔مقتول کی لاش فجر کے وقت برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کی غرض سے کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال لائی گئی جہاں پولیس تھانہ جرما نے مقتول کے بھائی مستقیم شاہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق مقتول خٹک کالونی کے ایک مدرسے میں دینی علوم حاصل کرنے کی غرض سے زیر تعلیم تھاجوروزانہ شام کے وقت واپس اپنے گاؤں آکر نماز عشاء کے بعد مسجد میں قیام پزیر رہتا تھاتاہم گزشتہ شب بھی وہ حسب معمول مقامی مسجد میں موجود تھا کہ نامعلوم افراد نے انہیں مسجد کے اندر گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے قتل کی اس واردات کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم فوری طور پر وقوعہ کے اصل محرکات اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ نہ مل سکا۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر