(ن)لیگ اور پی ٹی آئی خواتین پر سیاست کررہی ہیں،سینیٹر عاجز دھامراہ

(ن)لیگ اور پی ٹی آئی خواتین پر سیاست کررہی ہیں،سینیٹر عاجز دھامراہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی خواتین پر سیاست کررہی ہیں اور دونوں اپنے ناپاک عزائم کی خاطر خواتین کی تذلیل جاری رکھے ہوئے ہیں جو سراسر منافقت ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں بنگالی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شیخ فیروز بنگالی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت، سینٹرل کے شہزاد مجید، آصف خان، فدا حسین ڈھکن اور دیگر بھی شریک تھے۔ سینیٹر عاجز دھامراہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ خواتین کے حقوق کی علمبردار بننے کی کوشش کررہی ہے جبکہ ساری دنیا ان کے کرتوتوں سے واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو حقوق اور انصاف دلانے کے بجائے ان کی مسلسل تذلیل کر کے انہیں معاشرے میں رسوا کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان اللہ مروت پر خواتین کے الزامات کے بعد پارٹی کے دروازے بند کر دیئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی عزت کی ہے۔ گورنر سندھ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ آج کل مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان بنے بیٹھے ہیں اگر گورنر سندھ کو اتنا سیاست کا شوق ہے تو وہ کھل کر سامنے آئیں، انہوں نے کہا کہ 2015سے صوبوں کو این ایف سی نہیں دیا جارہا مگر اس پر گورنر صاحب کوئی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگالی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہا کا انصاف ہے کہ پہلے دادا، باپ اور اب خود کا بھی شناختی کارڈ ہونے کے باوجود نادرا بچوں کے شناختی کارڈ بنانے کے حق میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیر آباد کاروں کی آباد کاری کے خلاف ہے مگر جو نسل در نسل یہاں بس چکے ہیں ان کے خلاف زیادتی نہیں ہونے چاہئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر