جی ٹی روڈ کی سیاست سے انقلاب نہیں آئے گا: ڈاکٹر سلیم حیدر

جی ٹی روڈ کی سیاست سے انقلاب نہیں آئے گا: ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کی سیاست سے نہ پہلے کبھی انقلاب آیا اور نہ ہی اب انقلاب آئے گا، ملک میں حقیقی تبدیلی اسی وقت آسکتی ہے جب سندھ کے ڈھائی کروڑ مہاجر مطمئن نہیں ہوجاتے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی وہ تحریکیں ناکام ہوئیں جن تحریکوں میں مہاجروں کی شمولیت نہیں تھی۔ پی این اے کی تحریک سے لے کر وکلاء تحریک تک ہر ایک کی کامیابی کا دارومدار سندھ کے مہاجروں کی شمولیت پر ہے۔ آج بدقسمتی سے سیاست کو جی ٹی روڈ تک محدود کردیا گیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب نظریات اور اصول کی سیاست کے بغیر ذاتیات کی سیاست کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو عدالت نے نااہل قرار دیااس لئے انہیں زیب نہیں دیتا کہ اب وہ سرکاری مراعات استعمال کریں یا پوری حکومتی مشینری ایک نااہل شخص کی تشہری مہم کا حصہ بن جائے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے اس سے زیادہ سنگین الزامات آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے سرکردہ قائدین پر ہے انہیں بھی احتساب کے دائرے میں لایا جائے اور ان کے غیرملکی اثاثے کی تحقیقات کی جائے ورنہ پھر قوم یکطرفہ احتساب سمجھنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر اس طرح کی لاحاصل تحریکوں سے دور رہیں کیونکہ ماضی میں ان قومی جماعتوں نے مہاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اور ان ہی جماعتوں کی جانب سے چلائی جانے والی تحریکوں میں مہاجروں کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر