ڈی پی او چکوال کی ڈھڈیال میں کھلی کچہری ،شکایا ت کے انبار

ڈی پی او چکوال کی ڈھڈیال میں کھلی کچہری ،شکایا ت کے انبار

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ نے منگل کے روز ڈھڈیال میں کھلی کچہری لگائی جہاں پر عوام نے شکایات کے ڈھیر لگا دیے۔ عمومی طور پر مجموعی مسائل پیش کیے گئے جس میں رات کو گشت بڑھانے اور تھانے میں پولیس کی نفری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ نے کہا کہ پولیس کا کلچر تبدیل کرنے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات کیے گئے ہیں اور اس کیلئے ہر تھانے میں فرنٹ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور تھانے میں درخواست لیکر آنے والے ہر سائل سے اس کی درخواست کے بارے میں ہمہ وقت اس سے فیڈ بیک لیا جاتا ہے اور سائلین کی داد رسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ فرنٹ ڈیسک کا دائرہ پولیس چوکیوں تک جلد بڑھا دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو15کو اپ گریڈ کر کے اس کا دائرہ بھی پورے ضلع تک بڑھا دیا گیا ہے اور اب جونہی واردات کی اطلاع ملتی ہے فالکن فورس ، ایلیٹ فورس ، کمانڈوز ہر وقت موقع پر پہنچنے کیلئے قریب تر پوزیشن پر موجود ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی استدعا کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور مشتبہ افراد کے بارے میں فوری طو رپر قریبی تھانہ، پولیس چوکی یا پھر ٹیلی فون نمبر15پر اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو واضع طور پر بتا دیا گیا ہے کہ وہ عوام کے خادم ہیں اور جرائم پیشہ افراد کو آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائے۔اس موقع پر وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر