قوموں کی ترقی دو ر جدید کے علوم حاصل کرنے میں مضمر ہے: اسد قیصر

قوموں کی ترقی دو ر جدید کے علوم حاصل کرنے میں مضمر ہے: اسد قیصر

پشاور( سٹاف رپورٹر )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی دور جدید کے علوم حاصل کرنے اور ان سے بھر پور طور پر استفادہ حاصل کرنے میں ہی مضمر ہے اسی لئے موجودہ صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ بالخصوص خواتین کیلئے پر سکون ماحول میں تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اپنے بھر پور وسائل کا نہ صرف استعمال کیا بلکہ صوبے بھر میں مرد و خواتین کیلئے تعلیم کے حصول میں یکساں مواقع پیدا کرنے کیلئے کئی ایک کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کیں اور مزید قائم کی جاری رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں صوابی وومن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تعمیر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی ، وائس چانسلر صوابی وومن یونیورسٹی خانزادی فاطمہ،سیکرٹری برائے سپیکر عطاء اللہ، تحصیل ناظم ٹوپی سہیل یوسفزئی ، تحصیل ناظم چھوٹا لاہور ، ڈی پی او صوابی کے علاوہ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر متعلقہ محکموں کے حکام نے مذکورہ یونیورسٹی کی تعمیر پر سپیکر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا افتتاح جو کہ پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کریں گے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔انہیں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کا یہ کیمپس دو سال کے ریکارڈ قلیل عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ صوابی وومن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی عمارت کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والے درختوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق 23،اگست تک ہٹا کرباقاعدہ نیلام کیا جائے گا اور یونیورسٹی کے احاطے میں موجود خالی مقامات پر محکمہ جنگلات کی جانب سے شجر کاری بھی کی جائے گی۔ سپیکر اسد قیصر نے متعلقہ حکام کو افتتاحی تقریب کے انتظامات کی نگرانی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پراجیکٹ ڈائریکٹر صوابی وومن یونیورسٹی لطیف اللہ ، تحصیل ناظم ٹوپی ، پرنسپل بوائز کالج کوٹہ ، محکمہ سماجی بہبود اور نمائندہ ڈی سی آفس اور حاجی رنگیز پر مشتمل ہو گی۔سپیکر نے ڈی سی او صوابی کو صوابی وومن یونیورسٹی اور انبار یونیورسٹی کے وائس چانسلروں کے ساتھ مل کرفول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تعمیر اور اس کے افتتاح کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر