نوازشریف ایک مقبول عوامی رہنما ، انہیں عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا،ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ، آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں:ڈاکٹر حافظ عبد الکریم

نوازشریف ایک مقبول عوامی رہنما ، انہیں عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا،ہر مشکل ...
نوازشریف ایک مقبول عوامی رہنما ، انہیں عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا،ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ، آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں:ڈاکٹر حافظ عبد الکریم

  

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے ہر مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ دیا ہے اور ہم آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں،نوازشریف ایک مقبول عوامی رہنما ہیں  انہیں عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے استقبالی کاررواں میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی اور وفاقی وزیر مواصلات  ڈاکٹر حافظ عبد الکریم کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جلسے جلوس اور ریلیاں ہر پارٹی کا جمہوری اور آئینی حق ہے،  جس کے استعمال سے نہیں روکا جاسکتا،ہم جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کا احترام ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سویلین بالادستی کا خواب ابھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا، اس کے لیے ہمیں مزید قربانیاں دینا پڑیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث  جی ٹی روڈ کے تمام شہروں پر نوازشریف کا استقبال کرے گی ،جہلم، گجرات ،گوجرانوالہ، کامونکی ،مریدکے میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جبکہ سب سے بڑا استقبالیہ کیمپ مرکز 106 راوی روڈ لاہور میں لگایا گیاہے۔

مزید : راولپنڈی