بھارتی فلم’’ٹھکز آف ہندوستان‘‘ میں 25پاکستانی فنکار کاسٹ
لاہور(فلم رپورٹر)عامر خان اورامیتابھ بچن کی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘میں 25 پاکستانی فنکاروں کو کاسٹ کیاگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عامر خان ان دنوں فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘میں کام کررہے ہیں اس فلم میں پہلی بار بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن عامر خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ فلم میں بھارتی فوجیوں اوربرطانوی سلطنت کے ٹھگوں کا بہت بڑا جھنڈ دکھایاگیا ہے جس کے لیے 25 پاکستانی جونیئرآرٹسٹوں کو کاسٹ کیاگیا ہے۔ فلم میں پاکستانی فنکاروں کو لینے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلم کی شوٹنگ مالٹا میں کی گئی ہے اور وہاں بڑی تعداد میں پاکستانی آباد ہیں۔ذرائع کے مطابق فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘بڑے بجٹ کی فلم ہے اور فلمساز نے دل کھول کر فلم پر پیسہ خرچ کیاہے، فلم کا بجٹ تقریباً 250 کروڑ ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے لئے مالٹا کی پوری فلم سٹی کو 40 دنوں کے لئے ہائر کرلیاگیا تھا، یہ فلم سٹی سمندر کنارے واقع ہیاور فلم کی زیادہ تر شوٹنگ وہیں پر ہوئی ہے۔فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی کہانی فلم میڈوز ٹیلر کے 1839میں شائع ہونے والے ناول ’’کنفیشن آف ٹھگ‘‘سے لی گئی ہے جس میں عامر خان خان’’امیر علی‘‘نام کے ٹھگ کا کردار نبھارہے ہیں جس کا گینگ 20 ویں صدی میں برطانوی سلطنت کے لئے مشکلات کھڑی کردیتا ہے۔فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ پہلے صرف ’’ٹھگ‘‘کے نام سے بنائی جارہی تھی جب کہ اس میں عامر خان سے پہلے ہرتیک روشن کو لینے کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن اس وقت ہرتیک روشن اپنی فلم’’قابل‘‘میں مصروف تھے لہٰذاانہوں نے یہ فلم کرنے سے منع کردیا جب کہ ان کی جانب سے منع کرنے کی ایک وجہ یہ بھی بیان کی گئی تھی کہ ہرتیک نے اس فلم کے لئے 60 کروڑ کی ڈیمانڈ کی تھی جس کی وجہ سے انہیں فلم میں کاسٹ نہیں کیاگیا۔واضح رہے کہ فلم میں عامر خان اورامیتابھ بچن کے علاوہ اداکارہ کترینہ کیف، فاطمہ ثنا شیخ اور رونت رائے شامل ہیں، فلم 7 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔