صفائی کے ناقص انتظامات پر 3فوڈ پوائنٹ سیل ،81کو جرمانے
لاہور (کامرس رپورٹر)ناقص انتظامات پر معروف کوفتہ یونٹ،غیر معیاری اجزاء سے کیچپ تیار کرنے پر پروڈکشن یونٹ،ناقص انتظامات پر چکن سیل سنٹر کو سیل کر دیا گیا۔ جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر شہر بھر میں81فوڈ پوائنٹس کو جرمانے کئے ،نیز 4ہزار ناقص کوفتے،900کلو تیار کیچپ، 360کلو ماوئنیز اور بھاری مقدار میں خام مال کو تلف کرتے ہوئے 511کو وارننگ نوٹس جاری کئے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ترجمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے بھوگیوال کے علاقے میں معروف کوفتہ یونٹ کوکوفتوں کی تیاری کے لیے ا نتہائی گندے بر تنوں، استعمال شدہ بدبودار تیل کا استعمال کرنے، ناقص انتظامات،جگہ جگہ کھلے کوڑا دان ، فیکٹری کالائسنس اور ورکرز کے میڈیکل کی عدم موجودگی پر سیل کر تے ہوئے موقع پر 4ہزار تیار ناقص کوفتے، بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر لیا ۔ شہر بھر کے معروف ناشتہ اورچنا پوائنٹس کومضر صحت کوفتے فراہم کرنے پر کوفتہ یونٹ کو سیل کیا گیا۔ جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے چوکے والی پلی کھاڑک نالہ کے قریب واقع کیچپ پروڈکشن یونٹ کو کیچپ میں ٹماٹر اور ماؤنیز میں انڈہ نام کی کوئی چیز سرے سے موجود نہ ہونے، کیمکلز ،مصنوئی فلیورز استعمال کرنے،فیکٹری میں حشرات کی بھرمار،ورکرز کی ذاتی صفائی انتہائی ناقص، میڈیکلز کی عدم موجودگی پر پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا ۔نیز 900کلو تیار کیچپ، 360کلو ماوئنیز، بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے چونگی امر سدھو میں داتاچکن سیل سنٹر کو صفائی کے ناقص انتظامات ،بدبودار چکن کی موجودگی ،کون سسٹم کا استعمال نہ کرنے،مکھیوں کی بھرمار،گندے فریزر اوربدبودارماحول کی وجہ سے شاپ کو سیل کردیا ۔ دوسری جانب متعدد فوڈ پوائنٹس پر مہیا کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیتے81 فوڈ پوائنٹس کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے، ناقص انتظامات ، زائدلمعیاد اشیا ء کی موجودگی،نان فوڈ گریڈ کلر ،ناقص تیل استعمال کرنے اور حشرات کی بہتات پر بھاری جرمانے عائدکئے گئے۔۔