بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیں گے، جو روٹ
لندن(اے پی پی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور بھارت کو مسلسل دوسرے میچ میں بھی شکست دے دو چار کریگی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم بھارت کے خلاف دوسرے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ جو روٹ نے کہا کہ پہلے میچ میں کامیابی کے باوجود بھارتی ٹیم کو دوسرے میچ میں آسان نہیں لیں گے۔ انگلینڈ نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 31 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔ انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) جمعرات سے لندن میں شروع ہوگا۔ جو روٹ نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ میں کامیابی کے باوجود بلاشبہ بھارت ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین ٹیم ہے اس لئے سیریز میں آئندہ میچوں میں اس کے خلاف کامیابی کیلئے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ادھر بھارت ٹیم بھی میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کم بیک کے لئے پرعزم ہے، اس اعتبار سے توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔