2 رکنی قومی جوڈو ٹیم ایشیئن گیمز میں شرکت کیلئے انڈونیشیا روانہ ہوگی
اسلام آباد(آئی این پی) قومی جوڈو ٹیم ایشیئن گیمز میں شرکت کیلئے 25اگست کو انڈونیشیا روانہ ہوگی۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے شاہ حسین شاہ جاپان سے براہ راست جبکہ قیصر خان پاکستان سے روانہ ہوں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان کے مطابق پاکستان جوڈو فیڈریشن نے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہونے والے ایشیئن گیمز کیلئے حتمی دو رکنی قومی جوڈو ٹیم کا انتحاب کیا ہے۔ایشیئن گیمز 18 اگست سے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں شروع ہوں گے جس میں جوڈو کا ایونٹ 28 اگست کو کھیلا جائے گا۔ شاہ حسین شاہ اور قیصر خان ایشیئن گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کی تیاری کیلئے شاہ حسین شاہ جاپان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں جبکہ قیصر خان یہاں پر تیاری میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیئن گیمز کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔