عالمی کپ : محمد یوسف نے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار دیدیا

عالمی کپ : محمد یوسف نے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (یواین پی)سابق قومی کپتان محمد یوسف نے گرین شرٹس کو دو ہزار انیس عالمی کپ کا ٹائٹل جیتنے کیلئے فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور میزبان ٹیم انگلینڈ بھی ٹرافی کیلئے سخت حریف ثابت ہو سکتے ہیں۔ایک گفتگو کے دوران محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس انگلینڈ میں ون ڈے ٹورنامنٹس جیتنے کا تجربہ انہیں ٹائٹل کیلئے فیورٹ بناتا ہے اور چونکہ چیمپئنز ٹرافی کے گزشتہ دو ایونٹس بھارت اور پاکستان نے جیتے ہیں لہٰذا دونوں میں ہی میگا ایونٹ کو جیتنے کی صلاحیت نظر آتی ہے۔ایک سوال پر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ آئندہ برس میگا ایونٹ میں اسپنرز کا کردار اہمیت کا حامل ہوگا اور پاکستان کے علاوہ بھارت کے پاس اس حوالے سے بہترین آپشنز موجود ہیں لیکن اگر انہیں تین میں سے کسی ایک ٹیم کو چننے کیلئے کہا جائے تو ان کا انتخاب پاکستانی ٹیم ہوگی جس کے پاس انگلش کنڈیشنز کیلئے بہترین پیسرز بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی فاسٹ بالرز سے کچھ زیادہ متاثر نہیں تاہم ان کی بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کے پاس ہوم ایڈوانٹیج بھی ہو گا جبکہ وہ ون ڈے فارمیٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے جو انہیں ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ بناتی ہے۔سابق پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ان دنوں اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے اور اگرچہ میگا ایونٹ سے پہلے دونوں ہی ٹیم میں آجائیں گے لیکن اس کے باوجود انہیں میچ پریکٹس اور ہم آہنگی کا زیادہ موقع نہیں مل سکے گا۔