خواتین کرکٹرز کی تربیت کے لیے غیرملکی کوچز بلانے کا فیصلہ

خواتین کرکٹرز کی تربیت کے لیے غیرملکی کوچز بلانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کراچی میں قائم خواتین کرکٹ اکیڈمی کے لیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے تجربہ کار کوچز بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تنخواہ اور دیگر مراعات کا حتمی فیصلہ کرنے کے بعد ستمبر تک کوچز کو بلایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی کوچز کی بنیادی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ہارون رشید کی سربراہی میں ایسا نظام وضع کریں گے جس سے خواتین کرکٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کرکٹ اکیڈمی کو خواتین کھلاڑیوں کے لیے مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور، ملتان، راولپنڈی اور پشاور میں بھی خواتین کرکٹ کھلاڑیوں کے لیے علیحدہ تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید پی سی بی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ گزشتہ دنوں ان سے انٹرنیشنل کرکٹ کا چارج واپس لے کر انہیں صرف ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود کرنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔پی سی بی کے احکامات کے تحت اب انٹرنیشنل کرکٹ کے امور عثمان واہلہ انجام دیں گے۔