برکی میں قتل 5افراد کی نمازہ جنازہ ادا، تدفین کے موقع پر مخالفین کی ہوائی فائرنگ ، پولیس بھاگ نکلی

برکی میں قتل 5افراد کی نمازہ جنازہ ادا، تدفین کے موقع پر مخالفین کی ہوائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کرائم رپورٹر،خبرنگار)برکی کے علاقہ پھلروان گاؤں میں درینہ دشمنی پردوسگے بھائیوں سمیت قتل ہونے والے پانچ افراد کی ہلاکت پرڈی آئی جی آپریشن کے دورہ کرنے کے باوجودصورتحال دوسرے روز بھی کشیدہ ،علاقے میں فضا سوگوار رہی۔ گذشتہ روز پولیس نے دو سگے بھائیوں قربان اور بشیر احمد سمیت 5افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کیں اور نماز جنازہ کے لیے لاشوں کو اٹھایا گیا تو نمازجنازہ پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کردی جس پربھگدڑ مچ گئی ۔سیکیورٹی پر مامور پولیس افسران اور اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنی جانیں بچائیں جس پر پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف ہرزہ سرائی کی اس موقع پر اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی موجودگی میں گولیوں کی تھرتھراہٹ زیادتی ہے اور ہر طرف پولیس کی موجودگی میں نماز جنازہ کے دوران گولیوں کی گونج سنائی دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔تاہم تھوڑی دیر بعد پولیس کی بھاری نفری دوبارہ حرکت میں آگئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعداور پولیس کی سخت سیکورٹی میں پانچوں مقتولین کی مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی۔درینہ دشمنی کی بھینٹ چڑھنے والے 50سالہ قربان علی اور 45سالہ بشیر احمد،32سالہ رشید احمد 16سالہ تنویر اور 14سالہ قادر علی کی لاشوں کی تدفین کی گئی۔ اس موقع پر نوجوان تنویراور قادر کی والدہ پر غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ رشتے دار خواتین زاروقطار روتی رہی اور بین کرتی رہی اس موقع پر مقتولین کے رشتے دار خواتین پولیس کو بھی برا بھلا کہتی رہی جبکہ مقتولین رشتے دار وں کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے اور اس میں نامزد ملزمان کے باوجود پولیس نے 36گھنٹے گذر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کیا ہے جبکہ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشن شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں تاہم فائرنگ کے حوالے سے ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ گولیاں چلانے والے افراد کا تعلق مقتولین کے گروپ سے ہے۔ تحقیقات کے بعد انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔علاقہ میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے نمازجنازہ سے پہلے دو ایس پیز کی نگرانی میں بھاری نفری پھلروان میں تعینات کردی گئی ہے۔ لیکن اسکے باوجود افسوس کے لیے آنے والے اکثر افراد اسلحہ لئے گھومتے رہے۔ تاہم پویس کا کہنا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری پھلروان میں تعینات رکھی جائیگی۔

مزید :

علاقائی -