5سال قبل ہونے والے قتل کا اشتہاری مجرم میانوالی سے گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس سول لائن نے 5سال قبل قتل کر کے فرار ہونے والے اشتہاری مجرم حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمد کی ہدایت پر اشتہاریوں مجرموں کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں۔جس کے تحت ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن عمران کرامت بخاری نے انچارج انویسٹی گیشن سول لائن طارق بشیر اور معہ ملازمان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔ ٹیم نے شب روز انتھک محنت کر کے اشتہاری مجرم حبیب اللہ کو میانوالی سے گرفتار کر لیا۔ مجرم حبیب اللہ جو کہ بشیر ٹیکسٹائل سندر میں بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی سرانجام دیتا تھا۔دوران ڈیوٹی اس کی اپنی ساتھی محمد اشرف کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ جس پر حبیب اللہ نے لوہے کا راڈمار کر اپنے ساتھی سکیورٹی گارڈ محمد اشرف کوقتل کر دیااور موقعہ سے فرار ہو گیا۔ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن عمران کرامت بخاری نے اشتہاری مجرم کو گرفتار کر نے پر انچارج انویسٹی گیشن سول لائن سب انسپکٹر طارق بشیر اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔