عراق ایران پر لاگو امریکی پابندیوں کا احترام کرے گا، صدر فواد معصوم
بغداد(آئی این پی)عراقی صدر فواد معصوم نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے عراق ایران پر لاگو امریکی پابندیوں کا احترام کرے گا، ہمیں عراقی عوام کا مفاد فی الوقت عزیز ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی صدر فواد معصوم نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے یہ کہنا ضروری ہے کہ ہم ایران پر لاگو امریکی پابندیوں کا احترام کریں گے۔ صدر نے الحر عراق نامی ٹی وی چینل پر گفتگوکے دوران کہا کہ عراق کی موجودہ صورت حال اور ایران سے تعلقات کی روشنی میں یہ کہنا مشکل نہیں ایران کیلیے یہ ایک دشوار گزار صورت حال ہوگی ۔ عراقی صدر نے کہا کہ عراق علاقے میں اس وقت کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا ۔ دوسری جانب عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے بغداد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس موضوع پر کہا کہ ہم عالمی پابندیوں کے خلاف ہیں کیونکہ اس کے تلخ تجربات سے ہم ماضی میں بخوبی واقف رہ چکے ہیں لہذا ہمیں عراقی عوام کا مفاد فی الوقت عزیز ہے ۔