ملک کو درپیش چیلنجر میں بینالمذاہب ہم آہنگی اور اتحاد ناگزیر ہے ، حسن عسکری

ملک کو درپیش چیلنجر میں بینالمذاہب ہم آہنگی اور اتحاد ناگزیر ہے ، حسن عسکری

لاہور(جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابد ی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔ دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے ۔ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے یکساں حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے جبکہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر بہت زور دیتا ہے۔ رواداری، باہمی احترام اور بلاامتیاز انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے اور بانی پاکستان قائداعظم ؒ نے بھی اقلیتوں کے یکساں حقوق پر زور دیا ہے۔ اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ وطن عزیز کو آج جن مسائل کا سامنا ہے ، ان حالات میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے اورہم سب کو متحد ہو کر ملک کی ترقی ، استحکام اور بقا کیلئے کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کرنیوالے نگران صوبائی وزیر انسانی حقوق،اقلیتی امور اورسوشل ویلفےئر فیصل مشتاق سے دوران گفتگو کیا ،انکا مزید کہنا تھا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں کی پہچان ہے اور انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنیوالے معاشر ے اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں۔ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریا ست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ حکومت اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات ، وطن سے محبت اور وابستگی شک وشبہ سے بالا ترہے۔

نگران وزیر اعلی پنجاب

مزید : علاقائی